اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں)وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہاہے کہ عمران خان نے حکومت مخالف تحریک کا اعلان بہت غلط وقت پر کیا ،وہ پچھلی بار مٹھائی کھانے کے شوق میں چھوہا رے کھاکر ناکام واپس گئے اور اب کی بار بھی ایسا ہی ہوگا، اگست آزادی کا مہینہ ہے خان صاحب آزادی کی تقریبات میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، آزاد کشمیرمیں شفاف اورمنصفانہ ماحول میں انتخابات ہوئے اور کسی نے کوئی سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے ۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویزرشید نے کہا کہ عمران خان نے حکومت مخالف تحریک کا اعلان بہت غلط وقت پر کیا ،انہوں نے حکومت کے خلاف گزشتہ برس اگست میں ہی تحریک شروع کی تھی اور مٹھائی کھانے کے شوق میں سڑکوں پر نکلے تھے لیکن چھوارے کھا کر ناکام اور نامراد بنی گالا واپس جانا پڑا جبکہ اس بار بھی وہ ناکام ہوں گے۔ اگست آزادی کا مہینہ ہے خان صاحب آزادی کی تقریبات میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، دسمبر، جنوری ، فروری کا بھی اعلان کیا جا سکتا تھا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تحریک کے حوالے سے خورشید شاہ کا بیان اور تبصرہ ہی کافی ہے۔ آج تک سمجھ نہیں آئی کہ عمران خان کی ترجیحات کیا ہیں۔