اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق اور دیگر رہنمائوں نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم شجاعت حسین، سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم پرویزالٰہی اور سیکریٹری سینیٹر مشاہد حسین سید سے ملاقات کی جو مسلم لیگی قائدین کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ سینیٹر سراج الحق نے شجاعت حسین کو 27جولائی کو مسئلہ کشمیر پر ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ اس موقع پر شجاعت حسین اور پرویز الٰہی نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم اور متفقہ ایجنڈا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی جماعتوں کو آگے آنا چاہئے جو واقعی اپوزیشن جماعتیں ہیں اگر اپوزیشن ایک ایجنڈے اور ایک پلیٹ فارم پر متحد و متفق نہیں ہو گی تو وہ مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکے گی اس لیے انہیں مستقبل کا لائحہ عمل مل کر طے کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح الیکشن کمیشن میں اگر ایماندار، دیانتدار اور غیرجانبدار شخصیات شامل نہیں ہوں گی تو آئندہ انتخابات کے صاف و شفاف ہونے کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔