برطانیہ میں مسلسل تیز ہواؤں کے باعث ہیتھرو ایئرپورٹ نے آج 100 پروازیں منسوخ کردیں۔ اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان فیری سروس بھی معطل کردی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسکاٹ لینڈ، ناردرن آئرلینڈ، ویلز سمیت شمالی و مغربی انگلینڈ میں رات 9 بجے تک تیز ہواؤں کی ییلو وارننگ جاری کردی گئی۔
کرسمس منانے کیلئے گھروں سے گاڑیوں پر نکلے ہزاروں افراد کو بھی تیز ہواؤں کے باعث پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بی بی سی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کو ہوائیں 50 سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی جبکہ ساحلی اور پہاڑی علاقوں میں 70 میل فی گھنٹہ تک کی جھکڑیں چلنے کا امکان ہے۔
فیری کمپنیوں نے آئر لینڈ کے ساحل اور دیگر راستوں پر خدمات معطل کر دی ہیں۔ اس کے ساتھ، اسکاٹ ریل نے کچھ روٹس پر رفتار کی پابندیاں نافذ کی ہیں، جس کی وجہ سے تاخیر اور منسوخیاں ہو رہی ہیں۔