وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حالات اور وقت کا جبر ہے کہ مذاکرات پر راضی نہ ہونے والے بھی اب مان گئے۔
لندن سے جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا اسمبلی میں شہباز شریف آتے تو بانی پی ٹی آئی پشت کر کے بیٹھ جاتے تھے۔
خواجہ آصف نے کہا مذاکرات میں خلوص تلاش کرنا وقت کا ضیاع ہوگا۔ انھوں نے کہا 31 دسمبر زیادہ دور نہیں، پاکستان میں زرمبادلہ میں اضافہ نظر آئے گا۔
خواجہ آصف نے کہا پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کا کچھ فرق نہیں پڑے گا، تمام لوگ اپنے بل معمول کے مطابق ادا کریں گے۔
انھوں نے کہا 9 مئی کے کارندوں اور مہروں کے بعد ماسٹر مائنڈ کو بھی سزا ملے گی، فوجی حکمرانوں کے دور میں اختلافات کے باوجود کبھی ادارے کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا۔
خواجہ آصف نے کہا بانی پی ٹی آئی کو سزا ہوئی بھی تو قطعی 9 مئی جیسے حالات پیدا نہیں ہوں گے، بانی پی ٹی آئی نے کابینہ کو بےوقوف بنایا، رقم مخصوص اکاؤنٹ میں جمع کروا دی۔
خواجہ آصف نے کہا وزیراعلیٰ کے پی کو اسلام آباد پر حملہ کرنے سے فرصت ملے تو اپنے صوبے پر توجہ دے، علی امین کی وفاداری صوبے کے ساتھ نہیں، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔