• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویرات کوہلی کی آسٹریلوی بیٹر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ویڈیو سامنے آ گئی


بھارت کے اسٹار کھلاڑی ویرات کوہلی اپنی نامناسب اور بے وجہ کی حرکت کے باعث تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں ویرات کوہلی خوامخواہ آسٹریلوی نوجوان بیٹر سے الجھ پڑے۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے روز نوجوان آسٹریلوی بیٹر سیم کونسٹاس کے اعتماد اور توجہ ہٹانے کے لیے بھارت کے سینئر کھلاڑی ویرات کوہلی نے جملے کسنے شروع کیے۔

ویرات کوہلی کی یہ کوشش رائیگاں گئی کیونکہ آسٹریلوی بیٹر نے اپنی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔

لائیو میچ کے دوران ویرات کوہلی کی آسٹریلوی بیٹر سے الجھنے کی ویڈیو بعد میں سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی۔

ایک موقع پر اوور کے وقفے کے دوران پچ کی سائیڈ پر دونوں ٹیموں کے بیٹرز ٹکرائے اور کوہلی مڑ کر واپس آئے اور نوجوان بیٹر کو چیلنج کرنے لگے۔

اس موقع پر پہلے عثمان خواجہ نے اپنی مسکراہٹ اور کوہلی کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر معاملہ ختم کرنے کی کوشش کی جس کے بعد میچ آفیشلز نے بھی مداخلت کر کے معاملے کو ٹھنڈا کیا۔

کوہلی کے الجھنے کے باوجود سیم کونسٹاس اعتماد کے ساتھ کھیلے اور انہوں نے 52 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔

سیم کونسٹاس 65 گیندوں پر 60 رنز بنا کر رویندرا جڈیجا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

اس پورے معاملے کو لائیو اور پھر اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھنے کے بعد لوگ اس بات کا اظہار کر رہے ہیں کہ تجربہ کار اور سینئر بیٹر ویرات کوہلی نے جان بوجھ کر یہ سب کچھ کیا جس کی ضرورت بالکل بھی نہیں تھی۔

سوشل میڈیا پر ویرات کوہلی پر تنقید اور ان کی اس حرکت کو ناپسند کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔