• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

25؍دسمبر کو جب دنیا بھر میں مسیحیوں کا مذہبی تہوار کرسمس منایا جا رہا تھا، پاکستان میں اعلیٰ ترین سطح پر اس دن کی سرگرمیوں میں شمولیت کا انداز اور اقلیتی برادریوں سے یگانگت کا اظہار ان رسمی مبارکبادوں سے یقیناً مختلف تھا جو عموماً ایسے مواقع پر دیکھنے میں آتی ہیں۔ پاکستان کی قومی زندگی اور ترقی میں اقلیتوں کی اہمیت پاکستانی پرچم کے پانچویں حصّے میں سفید رنگ کی پٹی کی صورت میں نمایاں ہے۔ مملکت خداداد کے پہلے وزیراعظم خان لیاقت علی خان کی طرف سے قومی پرچم کے ڈیزائن کی منظوری کے اعلان اور وضاحت کی صورت میں پاکستانی جھنڈے کو ایسے منفرد مقاصد کا حامل اور پاکستانی قوم کو اس خاص اعزاز کا حامل بنا دیا گیا جس میں اقلیتوں کا احترام اور حصّہ نمایاں ہے۔ بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تاریخ پیدائش ہونے کے اعتبارسے بھی 25دسمبر پاکستانیوں کے لئے بڑا دن ہے۔ یوں 25دسمبر کی تاریخ پاکستانی عوام کے لئے دہری خوشی و احترام کا سامان لیکر آتی ہے۔ اس منظرنامے میں وزیراعظم شہباز شریف وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں کرسمس کی خصوصی تقریب کا اہتمام کرتے اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر راولپنڈی کے سینٹ جوزف کیتھولک چرچ میں مسیحی برادری کے ساتھ خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں تو دنیا کو یہ پیغام ملتا ہے کہ پاکستان متنوع عقائد کے رنگوں اور خوشبوئوں سے مزین وہ گلدستہ ہے جس کی مہک دور تک پہنچے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر واضح کیا کہ مسیحی برادری کی ترقی ہمارا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے بابائے قوم کا یہ بیان بھی دہرایا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور فروغ ہماری اولین ترجیح ہے۔ میاں شہباز شریف نے قیام پاکستان اور اس کے بعد تکمیل پاکستان کے لئے تعلیم، صحت اور دفاع وطن سمیت مختلف شعبوں اور سمتوں میں مسیحی برادری کی نمایاں خدمات کا بطور خاص ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 1965ء اور 1971ء کی جنگ سمیت پاکستان کے لئے ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سیدعاصم منیر نےراولپنڈی میں گرجا گھر کی تقریب میں بجا طور پر اقلیت کو قومی فخر اور قوت کا ذریعہ قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ قائداعظم کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک پرامن اور خوشحال ملک بنانے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ آرمی چیف نے ان اصولوں کا بطور خاص ذکر کیا جن کی طرف کرسمس کا تہوار متوجہ کرتاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمدردی، سخاوت اور خیرسگالی کے آفاقی اصول ہماری متنوع قوم کو جوڑنے کی بنیاد ہیں۔ سپہ سالار نے پاکستان کی ثقافتی، سماجی، معاشی اور قومی ترقی میں مسیحی برادری اور اقلیتوں کی نمایاں خدمات کو بطور خاص سراہا۔ وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں منعقدہ کرسمس کی تقریب میں میاں شہباز شریف نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ آج بدقسمتی سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جائے پیدائش پر معصوم بچوں، خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کو قتل کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خون کی یہ ہولی ختم کرانے کے لئے ہر اس مقام پر کردار ادا کرنے کا عزم کیا جانا چاہئے جہاں حضرت عیسیٰ کے پیروکار آباد ہیں۔ وزیراعظم نے داعیِٔ امن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے مشن کے فروغ کیلئے فلسطین میں جنگ بندی کی ضرورت اجاگر کی ۔یہاں یہ ذکر بے محل نہیں ہوگا کہ پاکستان وہ ملک ہے جس کا نامساعد حالات میں عالمی نقشے پر ابھرنا ایک کرشمہ تھا۔ چیلنج کو کرشمے میں بدلنے کے لئے بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے قوم کو ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصول دیئے تھے۔ ان اصولوں پر آج بھی پختہ عزم کے ساتھ عمل کرکے چیلنجوں کو مواقع میں بدلا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین