پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کو کامیاب بنانا ہے تو پیشگی شرائط ختم کرنا ہوں گی۔
گڑھی خدا بخش بھٹو میں بینظیر بھٹو کی برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ بےنظیربھٹو نے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔
پی پی پی رہنما نے کہا کہ بھوک اور افلاس سے جنگ جاری ہے،تقسیم کی سیاست کا خاتمہ صرف پیپلز پارٹی کر سکتی ہے، سیلاب سے سندھ میں بڑی تباہی ہوئی، بلاول بھٹو متاثرین کو گھر دے رہے ہیں۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ کسی کو مزاحمت کی سیاست کرنی ہے تو پیپلز پارٹی سے سیکھے، اگر انتشار سے بچنا ہے تو شرائط کے بغیر ٹیبل پر آئیں، بلاول بھٹو لانگ مارچ کےلیے نکلے تو ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹا، ہم روتے نہیں، ورکرز کو چھوڑ کر نہیں بھاگتے۔
گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں صدر مملکت آصف زرداری نے شہید بی بی کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔
صدر مملکت نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور دیگر شہداء کے مزاروں پر بھی پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
آصف زرداری نے کہا کہ بےنظیر بھٹو جمہوریت اور انصاف کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کا پیکر تھیں، انہوں نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا جہاں عوام کی طاقت راج کرے گی۔
خیال رہے کہ دو بار ملک کی وزیراعظم رہنے والی بے نظیر بھٹو 27 دسمبر 2007 کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسے سے واپسی پر حملے میں شہید کردیا گیا تھا۔