کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے وزیر اعظم کی جانب سے پی ایچ ایف کی مالی مشکلات کو دور کرنے کے لئے پانچ کروڑ روپے کی گرانٹ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگڈئیر( ر) خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ قومی کھیل کو زبوں حالی سے نکالنے کے لئے حکومت کی جانب سے تعاون سے ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم ملنے والی تمام رقوم کو کھیل کی ترقی اور کھلاڑیوں کے مسائل کو حل کرنے پر خرچ کریں گے امید ہے کہ حکومت کی جانب سے پی ایچ ایف کو مشکلات سے نکالنے کے سلسلے میں اس قسم کا تعاون جاری رہے گا، واضح رہےکہ دوروز قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن اوروزیر اعظم میاں نواز شریف نے قومی سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیم کے غیر ملکی دوروں کیلئے 5کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن حکومت کی جانب سے ملنے والی گرانٹ رواں ماہ جرمنی میں جاری جونیئرانڈر۔21ہاکی ٹیم کے دورے ، رواں سال ستمبر میں بنگلہ دیش میں منعقد ہونیوالے انڈر18ایشیاء کپ ، اکتوبر میں ملائشیا میں ہونیوالی ایشین چیمپینز ٹرافی اور جونیئر انڈر۔21ہاکی ٹیم کے دورے یورپ کیلئے خرچ کرئے گی جو کھلاڑیوں کےسفر اور ڈیلی الاونسزپر خرچ کئے جائینگے ۔