• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: 12 مقامات پر دھرنے و احتجاج، کہیں ٹریفک معطل، کہیں روانی شدید متاثر


کراچی میں 12 مقامات پر دھرنوں اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے کئی شاہراہیں بدستور بند ہیں جس سے کہیں ٹریفک مکمل طور پر معطل ہوگیا جبکہ بیشتر مقامات پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔

مذہبی جماعت کے تحت نمائش، شارع فیصل، ملیر 15، گولیمار، نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی، یونیورسٹی روڈ پر میٹرو شاپنگ سینٹر کے سامنے، ابو الحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاؤن میں، نارتھ ناظم آباد میں فائیو اسٹار چورنگی، سرجانی ٹاؤن کے ڈی اے فلیٹس، شارع پاکستان پر انچولی، گلستان جوہر میں کامران چورنگی اور نیشنل ہائی وے ٹاؤن شپ اسٹیل ٹاؤن موڑ پر دھرنے جاری ہیں۔

ان دھرنوں کی وجہ سے شارع فیصل پر ایئرپورٹ جانے والا ٹریک مکمل طور پر بند ہے۔ مسافروں کو ڈرگ روڈ سے گلستان جوہر پہلوان گوٹھ اور وہاں پرانے ایئرپورٹ سے نئے ایئرپورٹ کی جانب بھیجا جاتا رہا۔

نمائش چورنگی بند ہونے کے باعث سولجر بازار اور پیپلز چورنگی کی طرف ڈائی ورژن دی گئی ہے۔ گولیمار بند ہونے کی وجہ سے لسبیلہ سے تین ہٹی اور ناظم آباد سے سائٹ ایریا اور لیاقت آباد کی جانب ٹریفک بھیجا جاتا رہا۔

انچولی بند ہونے کے باعث گلبرگ کی طرف ٹریفک ڈرائیورٹ کیا گیا۔ اسی طرح دیگر مقامات پر بھی متبادل راستے فراہم کیے گئے جبکہ ٹریفک پولیس کی نفری بھی سڑکوں پر موجود ہے۔

سڑکیں بند ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہری گھنٹوں سڑکوں پر ٹریفک جام کی اذیت سے دوچار ہوتے رہے۔

قومی خبریں سے مزید