وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اعتراف کیا کہ معیشت بہتر ہوئی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 10 سال سے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، صوبائی حکومت کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنا چاہتا ہوں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ وائٹ پیپر میں فنانشل کرپشن اور بے نظمی ہے، میٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والوں نے پشاور میں بی آر ٹی بنائی، سیاسی جماعتوں کا منشور عوام کی خدمت ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا میں لگ بھگ 11 سال کی حکومت ہوگئی، صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومتوں پر وائٹ پیپر دے رہا ہوں، پی ٹی آئی کی حکومت نے کرپشن کے فروغ کے سوا کچھ نہیں کیا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں فرضی کمپنیاں ہیں، تمام پیسا سوشل میڈیا پر خرچ کیا جارہا ہے، صحت کے لیے رکھے گئے پیسے دھرنوں اور چڑھائی میں استعمال کرلیے، خیبرپختونخوا میں لا اینڈ آرڈر کے حوالے سے پی ٹی آئی نے کچھ نہیں کیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 192 ارب روپے کا خسارہ ہوا ہے، پنجاب کو بھی اتنے ہی فنڈز تفویض کیے جاتے ہیں جتنے دوسرے صوبوں کو ملتے ہیں، خیبرپختونخوا میں عوامی مسائل حل کرنے پر کسی کی توجہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ باتیں کرنے اور لشکر کشی کرنے سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، کے پی کا قرض واپس کرنے کیلئے 355 ارب روپے کی ضرورت ہے، جو پورے صوبے کا بجٹ ہے، خیبرپختونخوا میں 500 ڈیم بنادیے، کوئی بتائے کہاں ہیں ڈیم، کوئی بجلی پیدا کی ہو، کوئی ٹربائن لگائی ہو، نہیں۔