کراچی میں ڈیڑھ گھنٹے کے دوران مذہبی جماعت کی جانب سے 7 مقامات سے دھرنے ختم کر دیے گئے جبکہ 3 مقامات پر دھرنا اب بھی جاری ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جوہر چورنگی سے جوہر موڑ آنے اور جانے والے راستہ کھول دیا گیا ہے، فائیو اسٹار چورنگی پر احتجاج ختم ہونے کے بعد روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
مذہبی جماعت کی جانب سے شمس الدین عظیمی روڈ سرجانی پر دھرنا ختم کر دیا گیا جس کے بعد روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ انچولی سے سہراب گوٹھ، شاہراہِ پاکستان کو بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے اور گولیمار چورنگی سے ناظم آباد 2 تک بھی سڑک ٹریفک کے لیے کھل گئی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ابوالحسن اصفہانی روڈ سے مظاہرین کو منتشر کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے پہلے پولیس پر پتھراؤ کیا، جس کے بعد شیلنگ کر کے مظاہرین کو منتشر کیا گیا۔
اس کے علاوہ یونیورسٹی روڈ پر سمامہ کے قریب احتجاجی دھرنا بھی ختم کر دیا گیا ہے۔
نمائش چورنگی، کامران چورنگی اور سفاری پارک کے قریب دھرنا جاری ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ اور رینجرز حکام کامران چورنگی پر دھرنا ختم کروانے کے لیے پہنچ گئے ہیں۔