کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں نوجوان منور علی کے قتل کا معمہ حل ہو گیا۔
تفتیشی حکام کے مطابق مقتول کو گزشتہ سال اپریل میں قتل کیا گیا تھا، قتل کی واردات میں ملوث 2 خواتین سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سلمیٰ، صائمہ، صفدر، صابر اور وسیم شامل ہیں، مقتول منور علی اور ملزم وسیم سلمیٰ کی بیٹی صائمہ سے شادی کرنا چاہتے تھے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ سلمیٰ نے منور علی کو راستے سے ہٹانے کی شرط پر وسیم کو صائمہ سے شادی کی پیشکش کی تھی۔
وسیم نے منور علی کو قتل کرنے کے لیے صابر اور صفدر کو سپاری دی تھی۔
تفتیشی حکام نے بتایا کہ ملزمان نے منور علی کو گلا دبا کر قتل کیا اور لاش ریلوے پٹری پر پھینک دی تھی۔
تفتیشی حکام کے مطابق سب سے پہلے مرکزی کردار سلمیٰ کو گرفتار کیا گیا جس نے انکشافات کیے۔
تفتیشی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔