پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز پورٹل کے ذریعے روزانہ تمام ڈیٹا چیک کرتی ہیں، انہوں نے عوامی منصوبوں کے لیے 844 ارب روپے کا بجٹ دیا ہے۔
اسٹینڈنگ کمیٹی پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جہاں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی یومیہ بنیادوں پر جدید ٹیکنالوجی سے کی جا رہی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ چین کی مدد سے پنجاب میں گورننس سمیت تمام شعبوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھایا جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ سیاسی تفریق سے بالا تر ہو کر صوبے میں مساوی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں پر عمل کرا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں صحت کے نظام کی تشکیل نو جاری ہے، بنیادی مراکز صحت، ڈویژن اور ضلع کی سطح پر اسپتالوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ ماحولیاتی بہتری کے ساتھ صنعتی اور زرعی ترقی کے ماڈل پر پہلی بار عمل ہو رہا ہے، پہلی بار زرعی مشینری رعایتی قیمت اور اقساط پر دی گئی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ستھرا پنجاب اسکیم کے تحت لاہور کی طرح صفائی کا نظام صوبے کے ہر ضلع میں لے جا رہے ہیں، تعلیم، آئی ٹی، نوجوانوں کی ہنرمندی، بچوں اور ماں کی صحت وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ترجیحات میں نمایاں ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے تحت اپنے گھروں کا مالک بنایا جا رہا ہے، وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے گھر دینے کا وعدہ کیا تھا وہ چند ماہ میں پورا کر کے دکھایا ہے۔
مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسموگ کے مسئلے کو حل کرنے میں پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نے متحرک اور ذمے دارانہ کردار ادا کیا ہے۔