مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ آج بڑی مثبت گفتگو ہوئی، علی امین گنڈاپور نے بڑی اچھی باتیں کیں۔
مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ معاملات بات چیت سے حل ہونے چاہئیں۔
صحافی کی جانب سے اس سوال پر کہ، کیا بانی پی ٹی آئی کو آفر کی گئی ہے کہ بنی گالہ منتقل ہوجائیں؟ اس پر وزیراعظم کے مشیر نے جواب میں کہا میری معلومات کے مطابق ایسی کوئی آفر نہیں کی گئی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا پی ٹی آئی وفد نے آج اپنے کارکنوں کی رہائی کی بات کی ہے، ہم نے کہا رہائی عدالت کی ذمہ داری ہے ہمارے ہاتھ میں نہیں۔
انھوں نے کہا کہ عمر ایوب نے کہا حکومت کارکنوں کی رہائی میں رکاوٹ نہ بنے۔
صحافی کے اس سوال پر کہ آج 9 مئی کے کچھ ملزمان کی سزا معاف کی گئی ہے کیا یہ مذاکرات کا نتیجہ ہے؟ رانا ثناء اللّٰہ نے جواب میں کہا فوج کا اپنا پروسیجر ہے، اپنے نظام کے تحت سزا دیتی اور معاف کرتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ باقی لوگوں کی بھی اپیلیں زیرسماعت ہیں شاید باقیوں کو بھی ریلیف مل جائے، ہم پر کوئی امریکی پریشر نہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جب تحریری مطالبات مل جائیں گے تب ہم انہیں تحریری طور پر آگاہ کریں گے، پی ٹی آئی والے اپنے سوشل میڈیا ٹرولز سے بچنے کیلئے باہر نکل کر سخت بیان دیتے ہیں۔