پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے تحریری چارٹر آف ڈیمانڈ پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کےلیے مزید وقت مانگ لیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بتایا کہ حکومت اور تحریک انصاف بات چیت جاری رکھیں گی، تیسری میٹنگ اگلے ہفتے ہوگی۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔ اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی، 9 مئی اور 26 نومبر کی تحقیقات کےلیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا اور کہا مطالبات اگلی ملاقات میں تحریری طور پر پر پیش کیے جائیں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کی آج خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی، وزیر اعلیٰ کے پی نے تجاویز دیں، آج کی میٹنگ میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کی کمیٹیاں مکمل تھیں، اپوزیشن کے دوستوں نے کچھ مطالبات کا ذکر کیا۔
ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن کے دوستوں کو مطالبات پر چیئرمین کے ساتھ مشاورت کی ضرورت ہے، اگلی میٹنگ میں اپوزیشن اپنے مطالبات پیش کرے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سب نے پاکستان کی بہتری کیلئے بیٹھ کر بات کرنے کا فیصلہ کیا۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ عمر ایوب اور دیگر نے تفصیل سے اپنا نکتہ نظر پیش کیا، اپوزیشن نے بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا، اپوزیشن نے 9 مئی 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت اور رہنمائی کا موقع فراہم کیا جائے۔