• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے سامنے دو مطالبات رکھ دیے، ذرائع


حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے سامنے 2 مطالبات رکھ دیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات میں 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات پر جوڈیشل کمیشن بنانے اور بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ رکھا ہے۔

پی ٹی آئی نے حکومت کو سیاسی قیدیوں پر مزید کیس قائم نہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جو کیس موجود ہیں ان پر عدالتی فیصلوں کے مطابق عملدرآمد ہونا چاہیے، بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں پر مزید نئے کیس نہ بنائے جائیں۔

اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کر رہے ہیں، اپوزیشن کی جانب سے مذاکرات میں علی امین گنڈاپور، عمر ایوب، اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، راجہ ناصر عباس اور سلمان اکرم راجہ بھی شریک ہیں۔

حکومتی کمیٹی کے رکن رانا ثناء اللّٰہ، طارق فضل چوہدری، نوید قمر، سینیٹر عرفان صدیقی، فاروق ستار، اعجاز الحق اور خالد مگسی بھی موجود ہیں۔

 ان مذاکرات سے پہلے حکومت اور اپوزیشن کے رہنماؤں کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مشاورت کی، ملاقات میں عمر ایوب، اسد قیصر، شیر افضل مروت شامل تھے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ حکومت سے مذاکرات میں دیکھیں کہاں تک بات ہوتی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں دونوں جانب سے مطالبات پیش کیے جائیں گے، ان کا کام سہولت کاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید