کراچی میں گزشتہ روز اور آج سردی کی شدت کم رہی البتہ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے اختتام پر کل (4 جنوری) سے شہر میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 11.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شہرِ قائد میں شمال مشرق کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 8 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جن میں نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔
ادھر وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود ہے، شہر میں صبح کم سے کم درجۂ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موجود ہے جبکہ کوئٹہ، چمن، پشین، زیارت، قلعہ عبداللّٰہ اور ژوب میں آج بارش کا امکان ہے۔
قلعہ سیف اللّٰہ، بارکھان، لورالائی، موسیٰ خیل اور قلات میں بارش متوقع ہے جبکہ پنجگور، تربت، دالبندین، لسبیلہ اور نوکنڈی میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد و مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
دوسر جانب ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
برف باری کے باعث بالائی علاقوں کے لیے ٹریفک معطل ہے۔
وادیٔ تیراہ میں موسمِ سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے جبکہ بالائی علاقوں اور کوہِ سفید کے پہاڑی سلسلوں میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق بارش اور برف باری کا سلسلہ اگلے 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔