• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: غیرملکی تحائف کی رپورٹ جاری، مودی نے سب سے مہنگا تحفہ دیا

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی 2023 کی غیرملکی تحائف کی سالانہ رپورٹ جاری کر دی گئی۔ امریکی صدر جو بائیڈن، خاتون اول جل بائیڈن اور امریکی خفیہ اہلکاروں کو لاکھوں ڈالرز کے تحائف ملے۔ 

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی حکام کو سب سے مہنگا تحفہ دیا۔ انہوں نے نے امریکی خاتون اول جِل بائیڈن کو 20 ہزار ڈالر کا ہیرا تحفے میں دیا۔ 

رپورٹ کے مطابق بھارتی اہلکاروں نے امریکی خفیہ ایجنسی کے اہلکار کو کشمیر میں تیار کردہ تحائف بھی دیے۔ 

رپورٹ کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیکب سلیوان کو بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے تحائف دیے۔ 

جیکب سلیوان کو چاندی کا مجسمہ جنوری 2023 میں دیا گیا، جبکہ انھیں  جولائی 2023 میں لکڑی سے تیار کیا گیا ہاتھی کا مجسمہ بطور تحفہ دیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے جوبائیڈن کو 2022 میں قالین کا تحفہ دیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف کے قالین کے تحفہ کی مالیت 525 ڈالر تھی۔

2023 میں پاکستانی سفیر مسعود خان کی طرف سے امریکی حکومت کے سینئر ڈائریکٹر ایلیئن لوباکر کو 600 ڈالرز مالیت کا قالین بطور تحفہ پیش کیا گیا۔ 

امریکی خفیہ ایجنسی کے ملازمین کو 2023 میں ایک لاکھ 32 ہزار ڈالر مالیت کے تحائف ملے، سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز کو 18 ہزار ڈالر مالیت کا ٹیلی اسکوپ کیمرہ تحفہ میں ملا۔

خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کو قیمتی گھڑیاں، ہیرے کے زیورات اور پرفیوم بھی تحائف میں ملے۔ لیبیا کے بزنس مین نے 30 ہزار ڈالرز مالیت کا جیولری گفٹ امریکی خفیہ ایجنسی کے اہلکار کو دیا۔ 

امریکی قانون کے مطابق 480 ڈالر سے زیادہ مالیت کے تحائف کو رپورٹ کرنا ضروری ہوتا ہے۔ امریکی قوانین کے تحت اہم یا تاریخی تحائف نیشنل آرکائیوز یا جنرل سروسز ایڈمنسٹریشن منتقل کر دیا جاتا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید