برازیلین انفلوئنسر مسٹر فریٹاس نے 174 کلو وزن گھٹا کر ہزاروں لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی تھی، لیکن وہ 37 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
انفلوئنسر اور ریئلٹی ٹی وی اسٹار گیبریئل فریٹاس کے قریبی دوست ریکارڈو گوویا نے غیر ملکی میڈیا کو اس حوالے سے بتایا کہ گیبریئل نے اپنے والد اور بھائی کی موت کا کافی صدمہ لیا تھا جس کے بعد اس کا وزن دوبارہ بڑھ گیا تھا۔
30 دسمبر کو سوتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے 37 سالہ گیبریئل کی موت ہوگئی۔
ریکارڈو نے افسوسناک خبر سناتے ہوئے کہا کہ وہ سوتے ہوئے ہی بغیر کسی تکلیف کے موت کے منہ میں چلا گیا، وہ آخر وقت تک بڑا مضبوط اور اچھے دل کا انسان تھا۔
مسٹر فریٹاس کے نام سے مشہور گیبریئل فریٹاس نے اپنا وزن کم کرنے کی جدوجہد اور اس سلسلے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں سے سوشل میڈیا پر ہزاروں لوگوں کو متاثر کیا تھا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 7 لاکھ ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اگست 2023ء میں برازیل سے ہی تعلق رکھنے والی 33 سالہ فٹنس انفلوئنسر لاریسا بورجس بھی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھیں۔