• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو پشاور منتقل کردیا گیا، مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف



لوئر کرم کے علاقے بگن میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈپٹی کمشنر جاوید اللّٰہ محسود کو پشاور پہنچا دیا گیا۔

مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور پہنچایا گیا، جاوید محسود کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ان کے ساتھ ایک زخمی محافظ کو بھی ہیلی کاپٹر میں منتقل کیا جارہا ہے، زخمیوں کو ضروری طبی امداد اور ابتدائی سرجری کے بعد پشاور منتقل کررہے ہیں۔

 ڈی ایچ او کرم نے واقعے کی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر کرم سمیت 7 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں نذر باز، رفیع اللّٰہ ، رضوان، مشال خان اور رخمین شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق زخمیوں کو ٹائپ سی اسپتال صدہ، ٹی ایچ کیو اسپتال علی زئی اور بی ایچ یو مندوری میں طبی امداد دی گئی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق قافلہ روانہ ہونے سے پہلے لوئر کرم میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کی گئی، صبح 10 بج کر 35 منٹ پر قافلہ روانہ ہونے سے قبل مذاکراتی ٹیم سڑک کھلوانے کےلیے مذاکرات کر رہی تھی، تقریباً 40 سے 50 مسلح شرپسندوں نے ڈپٹی کمشنر جاوید محسود اور سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں ڈپٹی کمشنر، پولیس کے 3 اور ایف سی کے 2 اہلکار زخمی ہوئے، امن کمیٹیوں کی گارنٹی کے باوجود فائرنگ کا ہونا تشویش ناک ہے۔

قومی خبریں سے مزید