• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری حق خودارادیت کے حصول کیلئے سات دہائیوں سے جدوجہد کر رہے ہیں، زاہد اقبال ہاشمی

‎کشمیر انٹرنیشنل پیس فورم یورپ کے چیئرمین زاہد اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے حصول کےلیے گزشتہ سات دہائیوں سے جدوجہد کر رہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ بھارتی نام نہاد جمہوریت کے چیمپئن نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کی بنیادی حیثیت ختم کرتے ہوئے اسے بھارت میں شامل کر لیا اور وہاں آباد کشمیریوں کا قتل عام کر کے انہیں اقلیت میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی طور بچوں کو مخصوص گنز سے نابینا کرنے کے واقعات سرعام ہو رہے ہیں۔ کشمیریوں کی آزادی اور حریت پسندی کی تحریک کیلئے بےمثال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گئیں۔

انکا کہنا تھا کہ بھارتی افواج نے ظلم و جبر کا ہر ہتھکنڈا آزمایا، لیکن کشمیریوں نے ثابت کیا وہ جان دے سکتے ہیں لیکن اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، کشمیری ریاست جموں و کشمیر کو ناقابل تقسیم وحدت سمجھتے ہیں۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ 

اس موقع پر دیگر کشمیری رہنماؤں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ تسلط کے خاتمے اور اپنے بنیادی حق کے حصول کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ جان قربان کر سکتے ہیں، لیکن اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں میں درندہ صفت بھارتی افواج نے ظلم و جبر کے ہر ہتھکنڈے آزمائے، لیکن کشمیریوں کی جرات و پامردی اور حوصلے کو پست نہیں کر سکے۔ 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یورپ میں مقیم کشمیریوں نے ہر موقع پر اقوام عالم کے ضمیر کو جھنجوڑا ہے، ریلیاں مظاہرے اور ملین دستخطی مہم چلائی گئی۔ پاکستان کے عوام نے ہر محاذ پر کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے اور شانہ بشانہ ہے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید