پاکستان مسلم لیگ (ن) اوورسیز کے سابق جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ وفاداری ان کی زندگی کا سب سے بڑا اثاثہ ہے اور وہ مرتے دم تک ان کے ساتھ وفادار رہیں گے۔
جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیخ قیصر محمود نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ نواز شریف کی حمایت اور مسلم لیگ (ن) کی خدمت میں صرف کیا ہے۔
شیخ قیصر محمود نے سابق خاتون اول محترمہ کلثوم نواز کے الفاظ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایک موقع پر انہوں نے مجھ سے کہا تھا، ’آپ کی پریشانی دیکھ کر لگتا ہے کہ جنرل مشرف نے مارشل لا نواز شریف کی حکومت کے خلاف نہیں بلکہ شیخ قیصر کی حکومت کے خلاف لگایا ہے۔‘ یہ الفاظ میری زندگی کا سرمایہ ہیں اور آج بھی میرے دل میں زندہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی انہوں نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا اور ہمیشہ پارٹی کے اصولوں اور قیادت کے ساتھ کھڑے رہے۔
شیخ قیصر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آخری دم تک مسلم لیگ (ن) کےلیے کام کرتے رہیں گے اور پارٹی کے نظریات کو دنیا بھر میں اُجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کریں اور ان کے وژن کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کریں۔
شیخ قیصر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا مستقبل روشن ہے اور یہ پارٹی عوام کے دلوں میں بسنے والی ایک مضبوط سیاسی قوت ہے۔