کراچی ( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ گھٹن زدہ ماحول میں شہریوں کے لیے کھیلوں کی مثبت سرگرمی کا انعقاد خوش آئند ہے، کراچی ایسا شہر ہے جس نے کھیلوں میں نمائندگی کی اور پاکستان کا نام روشن کیا۔ ماضی میں پارکوں اور کھیلوں کے میدانوں پر قبضہ کر کے چائنا کٹنگ کی نذر کیا گیا،کھیلوں کے میدان پر قبضہ کرنے کی وجہ سے عوام گراؤنڈ سے محروم ہوگئے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت انوبھائی پارک ناظم آباد میں اسپورٹیفائی اسپورٹس لیگ کی اختتامی تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینز نے محدود و سائل و اختیارات کے باوجود مختصر وقت میں میدانوں اور پارکوں کو بحال کیا،ایک ماہ پر مشتمل اسپورٹس لیگ میں انڈور اور آوٹ ڈور کرکٹ، فٹبال، ٹینس اور بیٹ منٹن سمیت دیگر کھیلوں میں 200 سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا جس میں 1000 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ہمایوں نقوی نے اختتامی تقریب میں شامل دونوں ٹیموں کو کتابوں کا تحفہ پیش کیا،اسپورٹیفائی اسپورٹس لیگ کی کمیٹی کے انچارج اہتشام الحق، انس نقوی ودیگر نے جماعت اسلامی کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ،منعم ظفر خان نے انڈور اور آؤٹ ڈور کرکٹ میں جیتنے والی ٹیموں کو ٹرافی دی ، تقریب سے امیرجماعت اسلامی ضلع وسطی سید وجیہ حسن،وائس ٹاؤن چیئرمین ضیاء جامعی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔