فیصل آباد میں مسلح افراد نے پولیس اسٹیشن میں گھس کر حوالات میں بند مخالفین پر فائرنگ کر دی، قتل کے مقدمے میں گرفتار تین بھائی موقع پر ہی ہلاک جبکہ ان کا ایک کزن زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ سٹی تاندلیانوالہ میں 3 افراد کے قتل کے چار ملزمان حوالات میں بند تھے کہ آج علی الصبح حملہ آور سیڑھیوں کے ذریعے عقب سے تھانے میں داخل ہوئے، مسلح افراد حوالات تک پہنچے اور فائرنگ کر کے گرفتار ملزمان تین بھائیوں کو قتل اور ان کے کزن کو زخمی کر کے فرار ہو گئے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ تھانے پر حملے کے واقعے میں 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
سی پی او کے مطابق ایس ایس پی انویسٹیگیشن کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
سی پی او کے مطابق تھانے کی سیکیورٹی میں غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف انکوائری کا حکم جاری کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کے چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا ہے جبکہ دیگر حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق حوالات میں قتل ہونے والے ملزمان نے 3 ماہ قبل مخالفین کے 3 افراد کو قتل کیا تھا اور آج مقتول پارٹی نے زیر حراست ملزمان پر فائرنگ کر دی۔