وزیرِاعظم شہباز شریف کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ پاکستان کی کاربن پالیسی سے خطے کے دیگر ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
کنوینر شاہزیب درانی کی زیرِصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ڈی جی انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی نے راول ڈیم کی سائٹ پر آلودگی اور سیوریج سے متعلق مسائل پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران سینیٹر نسیمہ احسان نے کہا کہ بارہ کہو، قائدِ اعظم یونیورسٹی کے قریب نالوں کا گندا، سیورج کا پانی راول ڈیم میں جا رہا ہے، کیا راول ڈیم محکمۂ آبپاشی پنجاب کے ماتحت آتا ہے؟
کنوینر کمیٹی نے کہا کہ گندا پانی پینے سے لوگ بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
ڈی جی انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی نے کمیٹی کو بتایا کہ راول ڈیم کا پانی راولپنڈی کو سپلائی ہوتا ہے، راول ڈیم مارگلہ ہل نیشنل پارک کا حصہ ہے، ڈیم کی دیکھ بھال محکمۂ آبپاشی کرتا ہے، راولپنڈی میں ڈیم سے سپلائی ہونے والے پانی کی پہلے ٹریٹمنٹ کی جاتی ہے، واٹر سپلائی کے پائپس کی ٹھیک سے دیکھ بھال نہیں ہو رہی ہے۔
رومینہ خورشید عالم نے اجلاس کے دوران پوسٹ کوپ 29 ڈائیلاگ، پیرس معاہدے کے عملی نفاذ پر منعقدہ اجلاس سے متعلق کمیٹی کو بتایا کہ پیرس معاہدے کا آرٹیکل 6 مکمل فعال کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
خطاب کے دوران رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے مقابلے کے لیے مزید وسائل درکار ہیں۔