شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے والے پاکستان کے کم عمر ترین کوہ پیما ہیں تاہم وہ حکومتی پزیرائی نہ ہونے کی وجہ سے مایوسی کا شکار ہو گئے ہیں۔
انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ یہ ویڈیو صدر، وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لیے ہے اور اُمید ہے کہ اُن تک یہ ویڈیو پہنچے گی۔
شہروز کاشف کا کہنا ہے کہ میں 11 برس سے کوہ پیمائی کر رہا ہوں اور یہ میرا شوق ہے، میں ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو سمیت کئی خطرناک چوٹیاں سر کر چکا ہوں، میرا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان تمام ایتھلیٹس کی پزیرائی کر رہی ہے جو کہ اچھی بات ہے اور اب میں بھی منتظر ہوں کہ میری بھی حوصلہ افزائی کی جائے۔
شہروز کاشف نے مزید کہا ہے کہ میں صدر، وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلی پنجاب سے مل کر اپنا سارا سفر بیان کرنا چاہتا ہوں۔
نوجوان کوہ پیما کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر میرے کارناموں کو اعلیٰ حکومتی شخصیات تسلیم کرتی ہیں تو یہ میرے لیے بہت بڑی بات ہو گی، مجھے اُمید ہے کہ میرا پیغام حکومت تک پہنچے گا۔