• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور کے شہداء کو نہیں بھول سکتے: چیئرمین علی رضا سید

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں 6 جنوری 1993ء کے شہداء کو نہیں بھول سکتے۔

یاد رہے کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 6 جنوری 1993ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے سوپور میں 60 سے زائد نہتے کشمیریوں کا قتلِ عام کیا تھا۔

برسلز میں سوپور کے شہداء کی یاد میں بلائے گئے کشمیر کونسل ای یو کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی رضا سید نے کہا کہ آج سوپور قتلِ عام کو 31 سال مکمل ہو گئے ہیں تاہم اس اندوہناک واقعے کے زخم آج بھی کشمیری عوام کے دلوں میں تازہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے 6 جنوری 1993ء کو سوپور بازار میں 500 سے زائد عمارتوں کو آگ لگا کر اور راہگیروں پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 60 سے زائد افراد کو شہید کر دیا تھا، جلائی گئی عمارتوں میں دکانیں اور رہائشی مکانات شامل تھے۔

ان شہداء میں 25 سے زائد مسافر بھی شامل تھے جو اسی روز بھارتی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے ایک مسافر بس پر فائرنگ اور اسے آگ لگائے جانے کے نتیجے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

علی رضا سید نے بھارتی فورسز کی اس وحشیانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی دردناک تھا، ہم اسے کیسے بھول سکتے ہیں، ناصرف اس واقعے میں 60 سے زائد کشمیری شہید کیے گئے بلکہ اس قتلِ عام کے دوران بھارتی فوجیوں نے 1 خاتون سے 6 ماہ کے بچے کو چھین کر آگ میں پھینک دیا گیا اور اس ماں کو گولیوں سے شہید کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سوپور قتلِ عام کشمیریوں کے خلاف ریاستی ظلم و ستم کا ایک واضح ثبوت ہے جہاں بھارتی فورسز نے نہتے شہریوں کو بے دردی سے نشانہ بنایا، یہ خونریزی ناصرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی تھی بلکہ ریاستی طاقت کے بے جا استعمال کی بھی غمازی کرتی ہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہا کہ یہ واقعہ کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی ایک وحشیانہ مثال ہے، یہ عالمی برادری کے لیے بھی ایک لمحہ فکریہ ہے، عالمی برادری کو بھارتی فورسز کے مظالم کا نوٹس لینا ہو گا اور کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔

انہوں نے عالمی برادری بشمول اقوامِ متحدہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سانحے اور مقبوضہ کشمیر میں اس طرح کے دیگر واقعات کی شفاف تحقیقات کروانے، ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور انہیں سزائیں دلوانے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

علی رضا سید نے یہ اپیل بھی کی ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دلوانے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید