میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ضلع وسطی میں 5 ٹاؤن ہیں، ایک بھی پیپلز پارٹی کے پاس نہیں، یہاں 25 کروڑ روپے کی ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کیا۔
کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 4 میں نوتعمیر شدہ سڑک کے افتتاح پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارش میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی گئی ہے، ضلع وسطی کی سڑکوں اور انڈر پاسز کی تعمیر مکمل کرلی ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ جن سڑکوں کی تعمیر و مرمت نہیں ہوئی ان پر کام جاری ہے، کریم آباد انڈر پاس کو مقررہ مدت میں مکمل کریں گے، ضلع وسطی میں ٹاؤن چیئرمین حضرات کا تعلق پیپلز پارٹی سے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا شہر ہے اور ہم اسے یکساں طور پر ترقی دیں گے، کراچی کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ 11 جنوری کو ملیر ایکسپریس وے کھلنے سے ٹریفک کی روانی مزید بہتر ہوگی، میں نے کہا تھا سال 2025ء ترقیاتی منصوبوں کا سال ہوگا، پیپلز پارٹی عوام سے کیے گئے ہر وعدے کو پورا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے بننے میں 29 سال لگ گئے تھے، وفاقی حکومت نے 29 سال میں دو لین کا ایکسپریس وے بنایا، ملیر ایکسپریس وے ہماری حکومت میں بنا جس میں ہیوی ٹریفک بھی چلے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جو تاثر دیا جاتا ہے کہ کراچی میں کام نہیں ہوتا اس کی نفی عملی اقدامات سے کریں گے، کراچی والوں کے مسائل حل کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، پیپلز پارٹی وہ کام کرتی ہے جس کا فائدہ عوام کو ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سیوریج کے درہم برہم نظام کو بھی درست کیا، جس مقام پر بیٹھا ہوں وہاں کارپیٹنگ کا کام مکمل کیا گیا، پیور بلاک اور ٹف پیور ٹائلز لگا کر بھی سڑکوں کو بہتر کر رہے ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ تاریخ کے ساتھ تصویر کھینچی جاتی ہے تاکہ شہریوں کو پتہ چلے کیا کام ہو رہا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی اس شہر کے مسائل سنجیدگی سے حل کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں بہتری کا سفر جاری رہے گا۔