اسلام آباد(اسرارخان) پاکستان کی حکمران جماعت کے سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے ایک نجی بل، "ورچوئل اثاثہ جات بل 2025" متعارف کرایا ہے، جو ملک میں تیزی سے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل اثاثہ جات کی مارکیٹ، بشمول کرپٹو کرنسیز اور بلاک چین ٹیکنالوجیز کے لیے ریگولیٹری فریم ورک قائم کرنے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔
’’دی نیوز‘‘کو دستیاب بل کی ایک کاپی کے مطابق، اس بل کا مقصد مرکزی بینک کے قواعد و ضوابط کے تحت پاکستانی روپے (PKR) سے منسلک ڈیجیٹل روپے کی تخلیق کی بنیاد رکھنا ہے۔
یہ بل پاکستان میں ورچوئل اثاثوں کے اجرا، استعمال، تجارت، اور انتظام کے لیے ایک قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، یہ یقینی بناتے ہوئے کہ ایسے اثاثے پاکستانی روپے کے ذریعے ضمانت شدہ ہوں۔ بل کا ایک اہم عنصر ورچوئل اثاثہ جات زونز کا قیام ہے، جو کہ کرپٹو کرنسیز کی تجارت اور انتظام کے لیے مخصوص علاقے ہوں گے، تاکہ مالی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے.
سرمایہ کاروں کی حفاظت کی جا سکے، اور غیر قانونی سرگرمیوں جیسے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کو روکا جا سکے۔