• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلعی انتظامیہ، کرم عمائدین ملاقات کی تفصیل سامنے آگئی

ضلعی انتظامیہ اور لوئر کرم کے عمائدین کے درمیان ملاقات کی تفصیل جیو نیوز کو موصول ہوگئی۔

چھپری ریسٹ ہاؤس کرم میں ہونے والی ملاقات میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر، ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اور دیگر حکام موجود تھے۔

وفد کے رکن حاجی محمد شریف نے جیو نیوز کو بتایا کہ عمائدین کے وفد کی سربراہی فرمان اللہ اور عادل استاد کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے مخصوص گاڑیوں کا قافلہ اپر کرم سے گزارنے کےلیے تعاون مانگا، انسانی بنیادوں پر کانوائے کو گزرنے کےلیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

حاجی محمد شریف نے مزید کہا کہ مقامی سطح کی ملاقات کے نتیجے میں کانوائے اپر کرم پہنچا، فی الحال ایک دن کےلیے مخصوص فوڈ آئٹم لے جانے کی حامی بھری۔

اُن کا کہنا تھا کہ مخالف فریق کا رویہ دیکھ کر اگلے قافلے کے گذرنے پر مشاورت کریں گے، ہمارے تعاون کو کوئی کمزوری نہ سمجھا جائے۔

وفد کے رکن نے یہ بھی کہا کہ ہم مخالف فریق کے ساتھ نہیں، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بیٹھے ہیں، مندوری میں بگن متاثرین کا پرامن دھرنا جاری رہے گا۔

حاجی محمد شریف نے کہا کہ اسلحے کے خلاف آپریشن کےلیے کسی کی رضا مندی یا اجازت کی ضرورت نہیں ہوتی ہے، ہم نےمطالبہ کیا کہ دوسرا فریق خود بنکرز مسمار اور اسلحہ جمع کرے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری حکام نے بتایا ہے کہ جلد نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، ضلعی انتظامیہ سے بگن بازار جلانے والوں کی عدم گرفتاری پر بھی بات کی۔

قومی خبریں سے مزید