• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات کا تیسرا دور شاید آخری ہو: شوکت یوسفزئی

شوکت یوسفزئی—فائل فوٹو
شوکت یوسفزئی—فائل فوٹو

پی ٹی آئی کے رہنما شوکت یوسفزئی نے خبردار کیا ہے کہ حکومت اور تحریکِ انصاف کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور شاید آخری ہو۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجہ کی میڈیا پر لڑائی دیکھ کر افسوس ہوا، سینیئر پارٹی قیادت پارٹی کے اندر ڈسپلن قائم کرے۔

حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات کا تیسرا دور شاید آخری ہو کیونکہ حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔

 شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت اب بیک فٹ پر جا رہی ہے، بانیٔ پی ٹی آئی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ حکومت کے پاس اختیارات نہیں ہے، اختیار ہے تو بانیٔ پی ٹی آئی سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کیوں نہیں کرائی جاتی؟

انہوں نے  کہا کہ اچھا ہوا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کر کے حکومت کو بے نقاب کر دیا، حکومت مذاکرات سے خوفزدہ لگ رہی ہے، اسٹیبلشمنٹ کو اب سمجھ آ جانی چاہیے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ملک پر بوجھ ہیں۔

 پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ یہ اڑان پاکستان کی باتیں کر رہے ہیں لیکن پیسےکہاں ہیں؟ 2 سال میں 27 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا، کیا اڑان پاکستان قرضوں سے چلے گا؟ وفاقی حکومت بتائے کہ 27 ہزار ارب روپے کہاں خرچ ہوئے، قوم کو حساب دے، ایک روپے کا ریلیف بھی عوام کو نہیں مل سکا۔

شوکت یوسفزئی نے یہ بھی کہا ہے کہ پنجاب میں ترقی کا جھوٹا دعویٰ کیا جا رہا ہے، لیپ ٹاپ تقسیم کرنے سے عوام کے دل نہیں جیتے جاتے۔

قومی خبریں سے مزید