آر جے مہوش نے بھارتی کرکٹر یزویندر چاہل کے ساتھ ڈیٹنگ کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔
بھارتی کرکٹر یزویندر چاہل اور ریڈیو جوکی، فلم پروڈیوسر، کانٹینٹ کریئٹر اور مصنفہ آر جے مہوش کی کرسمس منانے کے موقع پر لی گئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد ان کے بارے میں قیاس آرائی شروع ہوگئی تھی۔
اب آر جے مہوش نے اپنی خاموشی ختم کرتے ہوئے یزویندر چاہل کے ساتھ ڈیٹنگ کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
انکا کہنا ہے کہ وہ دو تین دنوں سے بڑے صبر سے اس صورتحال کو برداشت کر رہی تھیں۔ انھوں نے ان افراد پر کڑی تنقید کی جو ان دونوں کو اس حوالے سے جوڑ رہے ہیں۔
آر جے مہوش نے ان بے بنیاد افواہوں پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا اسلیے ہوا کہ انھیں کسی نے مخالف جنس کے کسی فرد کے ساتھ دیکھ لیا۔
انھوں نے اس طرح کے مفروضوں کے پیچھے ذہنیت پر تنقید کرتے ہوئے کہا وہ اس میں اپنا نام نہیں گھسیٹنے دیں گی۔
اپنے انسٹاگرام پر انھوں نے تحریر کیا کہ کچھ مضامین اور قیاس آرائیاں انٹرنیٹ پر زیر گردش ہیں، یہ دیکھنا واقعی مضحکہ خیز ہے کہ یہ افواہیں کتنی بے بنیاد ہیں۔
اگر آپ کو کسی مخالف جنس کے ساتھ دیکھ لیا جائے، تو اسکا مطلب یہ ہے کہ آپ اس شخص سے ڈیٹنگ کر رہے ہیں؟ مجھے افسوس ہے کہ ہم کس دور میں رہ رہے ہیں۔
میں خاموش تھی لیکن اب کسی پی آر ٹیم کو اپنا نام اس کور اپ میں ملوث کرنے نہیں دوں گی۔ لوگوں کو سکون سے اپنے دوستوں اور فیملی کے ساتھ رہنے دیں۔