• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیر ستان میں 2 مختلف کاروائیاں، 9 خوارج ہلاک، آئی ایس پی آر


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں 2 مختلف کاروائیوں کے دوران 9 خوارج کو  ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کیلئے کلئیرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔

صدر مملکت کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری نے 2 مختلف کارروائیوں میں 9 دہشتگرد مارنے پر سیکورٹی فورسز کو سراہا۔

ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے ملک سے فتنتہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کےعفریت کے خاتمے کیلئے کارروائیاں کررہی ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔


وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف

وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں خوارج کےخلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، دہشتگردی سےجنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکار ملک کی سلامتی کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں، پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید