گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) رہنما صفدر عباسی اور دریائے سندھ بچاؤ کمیٹی کے کنوینر زین شاہ کی قیادت میں بیداری مارچ کا قافلہ میرپور خاص سے عمر کوٹ پہنچ گیا۔
زین شاہ نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ جس منصوبے سے لوگوں کے بےگھر ہونے کا خدشہ ہے وہ گرین پاکستان کیسے ہوسکتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ احتجاجوں سے بڑے بڑے منصوبے ختم ہوگئے، ہم عوام کو بھکاری نہیں بننے دیں گے۔
سید زین شاہ نے مزید کہا کہ سندھ دریا ہماری شناخت اور موہن جو دڑو کی تہذیب کی نشانی ہے، سندھ پہلے ہی تکلیف میں ہے، اب آپ گرین پاکستان کے نام پر بیرونی کمپنیاں بنا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سودے سے اقتدار لینے والے منافقانہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں اور زمینیں بھی دے رہے ہیں، ہمیں بھی آپ فریق سمجھتے ہیں، تو ہم گرین پاکستان منصوبہ رد کرتے ہیں، زرداری نے 26 ویں ترمیم کی صورت میں عدالتوں کو کمزور کردیاہے۔
یاد رہے گزشتہ روز مارچ حیدر آباد سے روانہ ہوا اور مختلف راستوں سے گزرتا ہوا، رات گئے میرپور خاص پہنچا تھا۔
اس دوران جلسے سے خطاب میں سندھ بچاؤ کمیٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ سے نہریں نکال کر سندھ کو بنجر ریگستان بنانے کے سازش کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا کردار منافقانہ ہے کینالز کےخلاف تحریک جاری رہے گی۔