کراچی(اسٹاف رپورٹر)16 سال سے زرداری لیگ نے کراچی شہر کو نوچا کھسوٹا ہے۔
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس جی ڈی اے کے مرکزی رہنما عرفان اللہ مروت نے صوبائی وزیر سعيد غنی کی جانب سے کراچی کے مسائل کی وجہ شہریوں کو قرار دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہریوں کا سب سے بڑا قصور سعید غنی جیسے نااہل اور کرپٹ وزیر کو برداشت کرنا ہے۔
سعید غنی اینڈ کمپنی اپنی کرپشن اور نااہلی کو چھپانے کے لیے شہریوں پر الزام لگا رہیں ہیں ، شہر قائد کی موجودہ خراب صورتحال اور کھنڈرات بنانے میں سعید غنی اور ان کی جماعت پیپلز پارٹی کا اہم کردار ہے ، وزیر موصوف اور اس کے بھائی کا مقصد صرف کرپشن کرنا اور کراچی شہر کی ترقی اور بنیادی انسانی سہولتوں کے لیے رکھے گئے فنڈز میں خوردبرد کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 16 سال سے زرداری لیگ نے کراچی شہر کو نوچا ہے ، شہر کو ترقیاتی اسکیمیں اور بنیادی سہولتیں دینے کی بجائے لوٹ مار کی ۔جس کی وجہ سے کراچی پاکستان کا سب سے زوال پذیر شہر بن چکا ہے ، سعيد غنی کے اپنے انتخابی حلقے کی گلیوں اور سڑکوں کی حالت تشویشناک ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ فارم 47 سے بننے والی سندھ حکومت کا عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے ، ان کو صرف کرپشن کے پیسوں سے اپنے محلات اور بینک بیلنس اور باہر ممالک میں ملکیت بنانا ہے ۔
عرفان اللہ خان مروت نےحکمرانوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی والوں سے انتقام لینے کی بجائے مسائل کے حل کی طرف توجہ دیں ورنہ دیگر صورت میں کراچی والوں کو اپنے حقوق حا صل کرنا آتے ہیں۔