• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی پی پیز کے منافع، لاگت میں 802 ارب کی کمی کی تجویز منظور


وفاقی کابینہ نے 14 انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے منافع اور لاگت میں 802 ارب کی کمی کی تجویز منظور کرلی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ سامنے آگیا۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ کی 14 آئی پی پیز کے ساتھ نظر ثانی شدہ معاہدوں کی منظوری دی، جس کے مطابق ان کے منافع اور لاگت میں 802 ارب روپے کی کمی کی تجویز منظور دی گئی۔

وفاقی کابینہ اعلامیے کے مطابق ان آئی پی پیز سے گزشتہ سالوں کے اضافی منافع کی مد میں 35 ارب روپے کٹوتی کی جائے گی، نظرثانی شدہ معاہدوں سے حکومت کو 1 اعشاریہ 4 کھرب روپے کی بچت ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق اس سے سالانہ 137 ارب روپے کی بچت ہوگی جس کا فائدہ صارفین کو پہنچے گا۔

وزیراعظم نے دوران اجلاس آئی پی پیز کے ساتھ نظر ثانی شدہ معاہدے بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اس سے قومی خزانے کی بچت، گردشی قرضہ ختم اور بجلی کی قیمت کم ہو گی۔

اعلامیے کے مطابق دوران اجلاس وزیراعظم نے وزیر توانائی کی تعریف کی کہ انہوں نے آئی پی پیز کے ساتھ کامیاب نظر ثانی شدہ معاہدے کیے۔

قومی خبریں سے مزید