پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہریار آفریدی نے اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت سے شریک ملزمان کے ساتھ ہی ڈی چوک احتجاج کیس کا فیصلہ سنانے کی استدعا کر دی۔
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے شہریار آفریدی کے خلاف ڈی چوک احتجاج کے کیس کی سماعت کی۔
شہریار آفریدی کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ شریک ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں فروری تک توسیع ہوئی ہے، ان کے ساتھ ہی کیس سنا جائے۔
عدالت نے شہریار آفریدی کی 5 کیسز میں عبوری ضمانت میں 15 فروری تک توسیع کر دی۔
اے ٹی سی نے شہریار آفریدی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت بھی دے دی۔
یاد رہے کہ شہریار آفریدی پر تھانہ ترنول، تھانہ سیکریٹریٹ، تھانہ مارگلہ اور تھانہ کوہسار میں 2 مقدمات درج ہیں۔