آرمی چیف اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی ملاقات کے حوالے سے وضاحت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے پشاور میں بات چیت سیکیورٹی صورت حال پر ہوئی۔
دونوں رہنماؤں سے بات چیت انسداد دہشتگردی معاملات کے تناظر میں ہوئی، ملاقات میں بیرسٹرگوہر نے سیاسی معاملات پر بات کرنے کی کوشش کی۔
بیرسٹر گوہر کو جواباً بتا دیا گیا کہ سیاسی معاملات پر بات چیت آپ سیاستدانوں سے کریں، بات چیت کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، سیکیورٹی معاملات پر ہونے والی بات چیت کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کی۔
اڈیالہ جیل کے کمرۂ عدالت میں بانی پی ٹی آئی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی جس میں صحافیوں نے ان سے بیرسٹر گوہر اور آرمی چیف کی ملاقات کے بارے میں پوچھا جس پر انہوں نے تردید کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے تفصیلات پتہ نہیں ہیں۔
بعد میں عمران خان نے بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کی اور کہا کہ آرمی چیف سے ملاقات خوش آئند بات ہے، اگر کوئی بات چیت شروع ہوئی ہے تو یہ خوش آئند ہے، یہ پاکستان کے لیے اچھا ہے۔