بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان کے ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ہونے کے بعد اب اس واقعے کی تفصیلات سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے کے بعد سیف علی خان کے گھر پر کوئی گاڑی اس حال میں موجود نہیں تھی کہ جس میں انہیں اسپتال لے جایا جا سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خون میں لت پت سیف علی خان کو ان کے سب سے بڑے بیٹے ابراہیم رکشے میں اسپتال لے کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 23 سالہ ابراہیم نے مزید وقت ضائع نہ کرنے کا سوچ کر والد کو رکشے میں اسپتال لے جانے کا فیصلہ کیا، وہ اور سیف علی خان گھر سے 2 کلومیٹر دور اسپتال پہنچے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیف علی خان پر چھری سے حملے کے 6 زخم آئے جس کے بعد ان کی اسپتال میں فوری سرجری کر دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیف علی خان کے گھر پر پیش آئے واقعے کی پولیس نے سی سی ٹی وی ویڈیوز بھی حاصل کر لی ہیں جن کی مدد سے تحقیقات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔