• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین رہنماؤں کا اسرائیل فلسطین جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم

یورپی یونین کے اکثر رہنماؤں نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے محتاط انداز میں امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ ایک پائیدار امن کی بنیاد رکھ سکتا ہے، لیکن یہ تبھی ممکن ہے جب تمام فریقین ان شرائط کا احترام کریں۔

یورپی ذرائع ابلاغ میں شائع شدہ رپورٹس کے مطابق 'یورپی رہنماؤں نے جنگ بندی کی رپورٹس کا خیرمقدم کیا اور محتاط امید کا اظہار کیا کہ یہ ایک پائیدار امن کی بنیاد رکھ سکتا ہے، بشرطیکہ تمام فریقین اس کی شرائط کا احترام کریں'۔

اس موقع کی مناسبت سے جاری کردہ پیغامات میں یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے جنگ بندی کے معاہدے کو "پائیدار استحکام کی طرف ایک قدم" قرار دیا، یورپی پارلیمنٹ کی صدر روبرٹا میٹسولا نے کہا کہ یہ پائیدار امن، امداد میں اضافے، اور مایوسی کو بدلنے والا اور مستقبل کی امید کیلئے ایک اہم لمحہ ہو سکتا ہے۔  

سیز فائر معاہدے پر یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کلاس اس سے بھی زیادہ پرجوش تھیں۔ انہوں نے اسے ایک "اہم، مثبت پیش رفت" قرار دیا۔ جبکہ ان کے پیشرو جوزپ بوریل نے کہا کہ امن معاہدہ "طویل التواء" تھا اور دونوں فریقوں کو اس کا مکمل احترام کرنا چاہیے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق برسلز میں اعلیٰ ادارہ جاتی افراد میں سے صرف انتونیو کوسٹا (جو کہ ان تمام لیڈروں میں سے واحد سوشلسٹ ہیں) نے اسرائیل، فلسطین تنازعہ کو حل کرنے کے بارے میں یورپی یونین کے سرکاری نقطہ نظر پر زور دیا۔

انہوں نےکہا کہ "یورپی یونین دو ریاستوں کی بنیاد پر ایک جامع، منصفانہ حل اور دیرپا امن کےلیے پرعزم ہے۔ ایک اور اعلیٰ یورپی سوشلسٹ، ہسپانوی وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز نے بھی اسی نکتے پر اصرار کیا۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ "ایک سیاسی حل ضرور آنا چاہیے،" انہوں نے گزشتہ 15 ماہ کے تنازعے کو "غیر منصفانہ آزمائش" قرار دیا۔

 اس معاہدے کو "اچھی خبر" قرار دیتے ہوئے جرمن چانسلر اولاف شولز نے کہا کہ "مقتول (یرغمالیوں) کی باقیات کو بھی باوقار تدفین کے لیے اہل خانہ کے حوالے کیا جانا چاہیے۔"

علاوہ ازیں آئرلینڈ کے وزیر اعظم سائمن ہیرس، جو یورپ میں اسرائیل کے سخت ترین ناقدین میں سے ایک ہیں، نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو "غزہ میں استحکام اور نظم و نسق بہتر کرنے کےلیے نئی فلسطینی اتھارٹی" کی حمایت کرنی چاہیے۔

دوسری جانب فلسطینی وزیر اعظم محمد مصطفیٰ یورپین کونسل کے صدر انتونیو  کوسٹا، بحیرہ روم کے کمشنر سوئیکا اور میٹسولا سے ملاقات کےلیے آج برسلز میں ہیں، کہا جاتا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر اپنا پیغام دیں گے کہ آئندہ سے ان کی فلسطینی اتھارٹی کو غزہ میں واحد گورننگ باڈی ہونا چاہیے لیکن ذرائع ابلاغ کے بقول یہ اسرائیلیوں کے لیے ناقابل قبول ہو گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید