ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے حکومت نے’’اڑان پاکستان‘‘کے عنوان سے دس سالہ معاشی پروگرام پیش کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 2035تک ملکی معیشت کا حجم ایک کھرب ڈالر اور 2047تک تین کھرب ڈالر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پانچ سیکٹرز انفارمیشن ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، زراعت، معدنیات، افرادی قوت اور بلیو اکانومی کے فروغ سے برآمدات کو سالانہ 60ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اس پروگرام کے تحت اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کو مستحکم کرنے، درآمدات پر انحصار کم کرنے اور پائیدار ترقی کے اقتصادی امکانات کو بڑھانے کیلئے ’’میڈ ان پاکستان‘‘ مصنوعات کو عالمی معیار کے طور پر برانڈ کرنے کیلئے کام کیا جائے گا۔حکومت کے مطابق اڑان پاکستان پروگرام میں قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے متعلقہ قوانین کو آسان بنانے کے علاوہ مختلف مراعات بھی دی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ دینے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی اسٹارٹ اپس اور فری لانسنگ انڈسٹری کو ترقی دینے کیلئے تحقیق، اختراع اور صنعتی ترقی کے حامل آئیڈیاز و منصوبوں کیلئے فنڈز اور گرانٹس کی شکل میں مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں عوامی شراکت داری کیلئے پبلک، پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے بھی اس پروگرام کا حصہ ہیں تاکہ نجی شعبے کو سرمایہ کاری کیلئے پیداواری مواقع فراہم کر کے غیر پیداواری شعبوں میں منجمد سرمائے کو گردش میں لایا جا سکے۔ اس پروگرام کے دیگر اہم اہداف میں یونیورسل ہیلتھ کوریج انڈیکس کو 12 فیصد تک بڑھانا، شرح خواندگی میں 10فیصد اضافہ، لیبر فورس میں خواتین کی شمولیت میں 17 فیصد اضافہ، نوجوانوں کی بے روزگاری کو چھ فیصد تک کم کرنا اور گڈ گورننس کو فروغ دے کر حکومت کے غیر ضروری اخراجات کو کم کرنا شامل ہے۔ بنیادی اہداف کے تناظر میں یہ دس سالہ معاشی پروگرام خوش آئند ہے کیونکہ ماضی میں اس حوالے سے حکومتوں کو خاص طور پر تنقید کا سامنا رہا ہے کہ طویل المدت بنیادوں پر پالیسی سازی کا عمل ان کی ترجیحات میں شامل نہیں تھا۔ تاہم اس منصوبے کے آغاز سے قبل ان بنیادی مسائل کا احاطہ کرنا بھی ضروری ہے جن کا اس وقت پاکستان کو سامنا ہے۔ ان مسائل کا تذکرہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ انہیں حل کئے بغیر پاکستان میں ترقی یا معاشی استحکام ناممکن ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت پاکستان کا مجموعی جی ڈی پی 374ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے جبکہ برآمدات کا مجموعی حجم 30 ارب ڈالر کے قریب ہے۔ علاوہ ازیں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں معاشی شرح نمو ایک فیصد سے بھی کم رہی ہے جبکہ مینو فیکچرنگ سیکٹر کی شرح نمو منفی ہے۔ دوسری طرف ورلڈ بینک کے اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں 40فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے اور 2026 تک یہ شرح 40 فیصد سے اوپررہنے کا امکان ہے۔ایسے میں اس پروگرام کے تحت طے کیے گئے اہداف پاکستان کی معیشت کے موجودہ اشاریوں کے مقابلے میںقدرے غیر حقیقی نظر آتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اگلے پانچ سال میں قومی معیشت کے حجم کو ایک کھرب ڈالر کرنے کے ہدف کو امید یا خواہش قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ہدف حاصل ہونا اس لئے بھی مشکل ہے کہ اس وقت حکومت کو آئی ایم ایف پروگرام کے تحت طے کردہ محصولات کی وصولیوں میں کمی کا سامنا ہے۔ علاوہ ازیں انرجی ٹیرف میں مسلسل اضافے کی وجہ سے مینو فیکچرنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کا عمل کافی عرصے سے منجمد ہے۔ ایسے میں ایک سال کے اندر برآمدات کا حجم 30ارب ڈالر سے بڑھا کر 60ارب ڈالر کرنے کا ہدف حاصل کرنا کارے دارد ہے۔ تاہم اگر حکومت اس حوالے سے واقعی سنجیدہ ہے تو اسے اس دس سالہ معاشی پروگرام کے اہداف حاصل کرنے کیلئے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر انہیں درپیش مسائل کو فوری حل کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں سب سے اہم شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے جس کیلئے ’’ای پاکستان‘‘ کے تحت فری لانسنگ انڈسٹری بالخصوص انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات کو پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے سالانہ دو لاکھ آئی ٹی گریجویٹس تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں انٹرنیٹ کی فراہمی اور اسپیڈ میں تعطل یا رکاوٹوں کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ سو ملین سے زیادہ صارفین تک موبائل کنیکٹویٹی بڑھانے، آرٹیفشل انٹیلی جنس پر مبنی جدید فریم ورک تیار کرنے اور سائبر سیکورٹی کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر توجہ دینا ہو گی۔ اسی طرح ٹیکنالوجی بیسڈ ’’اسٹارٹ اپس‘‘ کو فروغ دینے کیلئے مناسب ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کی آئی ٹی کمپنیاں اور اسٹارٹ اپس بھی ایک ارب ڈالر یا اس سے زائد مالیت کی عالمی کمپنیوں میں شامل ہو سکیں۔ واضح رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں ایک ارب ڈالر یا اس سے زائد مالیت کی 1500کمپنیوں میں سے 703کا تعلق امریکہ اور 110کا بھارت سے ہے جبکہ پاکستان میں بڑے سے بڑا کاروباری ادارہ یا گروپ بھی اس فہرست میں شامل نہیں۔ اسی طرح فرنیچر مینوفیکچرنگ، فیشن اور مذہبی سیاحت کے شعبوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دینے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ وہ شعبے ہیں جن میں پاکستان کا پوٹینشل بہت زیادہ ہے۔ دنیا میں جہاں پاکستان کے فرنیچر اور فیشن سے متعلقہ مصنوعات اور سروسز کی بہت زیادہ مانگ ہے وہیں مذہبی سیاحت کے حوالے سے بھی پاکستان دنیا بھر میں آباد مختلف مذاہب بالخصوس سکھ اور بدھ مت کمیونٹی کیلئے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اس حوالے سے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان شعبوں کو صنعت کا درجہ دیا جائے تاکہ ان شعبوں میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے راستے کھولے جا سکیں۔