• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نارتھ کراچی سے 11 روز قبل لاپتہ ہوئے 7 سالہ بچے کی لاش مل گئی

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے 11 روز قبل لاپتہ ہونے والے 7 سال کے بچے صارم کی لاش مل گئی۔

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق بچے کی لاش بلڈنگ کے انڈر گراؤنڈ ٹینک سے ملی ہے، بچے کی لاش کو نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا گیا ہے، لگتا ہے واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا ہے۔

اس سے قبل بچے کے والد کی جانب سے بلال کالونی تھانے میں نارتھ کراچی سیکٹر فائیو سے 7 سالہ بچے صارم کو مبینہ طور پر اغواء کیے جانے کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔

مقدمے کے مطابق صارم 7 جنوری کی دوپہر فلیٹ میں مدرسے میں پڑھنے گیا اور لاپتہ ہو گیا تھا۔

بعد ازاں رواں ہفتے گورنر سندھ کامران ٹیسوری لاپتہ بچے کے گھر پہنچے تھے اور انہوں نے والدین کو بچے کی بازیابی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی۔

علاوہ ازیں بچے کے اغواء کا کیس اے وی سی سی ٹرانسفر کر دیا گیا تھا، اس دوران بچے کے والد کو 5 لاکھ روپے تاوان دینے کا میسیج بھی موصول ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق میسیج بھیجنے والے نمبر کے حوالے سے چھان بین بھی شروع کر دی گئی تھی۔

قومی خبریں سے مزید