• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی قیادتوں کے ذریعے پاکستان کو مینیج نہیں کیا جاسکتا، حافظ نعیم

فوٹو بشکریہ حافظ نعیم / فیس بک
فوٹو بشکریہ حافظ نعیم / فیس بک

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جعلی قیادتوں کے ذریعے پاکستان کو مینیج نہیں کیا جاسکتا، بلوچستان کا مسئلہ بات چیت سے حل ہوگا۔

کراچی پریس کلب میں ’بلوچستان کے سلگتے مسائل اور اُن کا حل‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان سے بلوچوں کو کوئی دور نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بات بھی ان سے ہو گی جو فارم 47 کی پیداوار نہ ہوں، جعلی قیادتوں کے ذریعے آپ پاکستان کو مینیج نہیں کر سکتے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ بات چیت سے حل ہو گا، بلوچستان کا خالی پڑا ہوا علاقہ سونا اگلتا ہے، صوبے کے لاپتہ افراد واپس کیے جائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو بلوچستان کا مسئلہ حل کرنے کےلیے اپنی پالیسیاں بدلنا ہوں گی، ہم بلوچستان کا مقدمہ لاہور کے مینار پاکستان، اسلام آباد اور پشاور میں بھی لڑیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ لاپتہ افراد کے کمیشن کو فعال کیا جائے، ہم ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے، ناراض لوگوں کو مناؤ، ان کو عزت دو، روزگار دو، تعلیم دو، ان کو ان کا حق دو۔ پھر دیکھتے ہیں کون را یا سی آئی اے آتا ہے ہمارے لوگوں کو ورغلانے۔

قومی خبریں سے مزید