• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعدیہ امام کا مرد کے مقام کے بارے میں اظہارِ خیال

اداکارہ سعدیہ امام — فائل فوٹو
اداکارہ سعدیہ امام — فائل فوٹو 

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سعدیہ امام نے مرد کے عورت کی زندگی میں مقام کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

سعدیہ امام نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں گفتگو کی۔

اُنہوں نے مردوں کے فیصلے لینے کے انداز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں اس چیز کا تجربہ کیا ہے کہ مرد کو اللّٰہ نے عقل کے حساب سے بلند درجہ دیا ہے کیونکہ عورت قدرتی طور پر تھوڑا زیادہ جذباتی ہوتی ہے۔

اداکارہ نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ عورت کے پاس عقل نہیں ہے لیکن اس کے جذبات عقل پر حاوی ہو جاتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ زندگی میں اگر کوئی ایسا موقع آتا ہے کہ کسی چیز کے لیے قربانی دینی پڑے تو وہاں عورت سب سے پہلے آگے بڑھتی ہے تو اس لیے اللّٰہ نے عقل کے حساب سے مرد کو آگے رکھا ہے جبکہ جذبات میں عورت کو آگے رکھا ہے۔

سعدیہ امام نے کہا کہ میں نے اس بات کا تجربہ اس طرح کیا کہ میں اپنی زندگی میں ہمیشہ ہر چیز اور اپنے ہر رشتے کے بارے میں جذباتی ہو جاتی ہوں۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ یہاں تک کہ جب میرے شوہر نے ہمارا گھر بیچ کر نیا گھر خریدا تو میں تب بھی جذباتی ہو گئی کہ اتنا اچھا گھر کیوں بیچ دیا اور بعد میں خود ہی مجھے یہ احساس ہوا کہ میرے شوہر نے وہ گھر میری ہی پسندیدہ جگہ پر نیا گھر لینے کے لیے بیچا تھا۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اس وقت مجھے یہ احساس ہوا کہ مردوں کے فیصلوں کو مان لینا چاہیے بلاوجہ ہر چیز کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے کیونکہ مرد دماغ کا زیادہ استعمال کرتے ہیں اور بہت سوچ سمجھ کر ہی کوئی فیصلہ کرتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید