پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکار اور ہدایت کار یاسر نواز نے انکشاف کیا ہے کہ فیروز خان کو اسٹار بنانے میں ان کا اہم کردار ہے۔
یاسر نواز کا شمار پاکستانی ڈراموں کے بڑے ہدایت کاروں میں ہوتا ہے، انہوں نے بطور اداکار کئی ہٹ پراجیکٹس میں کام کیا ہے اور اب وہ ایک کامیاب ہدایت کار بھی ہیں۔
حال ہی میں یاسر نواز نے ساتھی اداکارہ و میزبان اشنا شاہ کے شو میں بطور مہمان شرکت کی اور مختلف امور پر بات چیت کی۔
دوران انٹرویو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ہدایت کار نے فیروز خان سے متعلق اہم انکشاف کیا۔
میزبان نے دوران انٹرویو یاسر نواز سے کہا کہ آپ نے سُپر ہٹ ڈرامے ’چپ رہو‘ میں ایک بہت بڑے اسٹار کو لانچ کیا، وہ اسٹار کون ہیں؟
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اسٹار اداکار فیروز خان ہیں، فیروز کو پہلا بریک میں نے دیا، اس کو سیریل میں کاسٹ کرنے میں میرا ہی ہاتھ ہے بلکہ میری اسسٹنٹ (سیکنڈ اے ڈی) نے مجھے فیروز خان کے بارے میں بتایا کہ حمائمہ ملک کا بھائی ہے، نجی چینل پر بطور ویڈیو جوکی کام کرتا ہے، اپنے نئے ڈرامے میں اسے کاسٹ کریں۔
یاسر نواز نے مزید کہا کہ میں نے اس کے مشورے پر اسے ہی یہ ذمے داری دی کہ وہ فیروز کا نمبر ڈھونڈ کے میری اس سے ملاقات کروائے، اس نے ایسا کیا اور تقریباً آدھے گھنٹے کی ملاقات میں مجھے یہ احساس ہو گیا کہ اس لڑکے میں دم ہے۔