لاہور( جنر ل رپورٹر)پاکستان ریلویزمیں ٹریک ایکسس سسٹم کے تحت آئندہ دو سال کیلئے ایسی پالیسی مرتب کی جائے جس میں سی پیک منصوبے سمیت ریلوے کے آپریشنل نظام کی استعدادِ کار کوملحوظ رکھا جائے۔ جو بھی پلان مرتب کیاجائےاس میں ریلوے کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی صرف وہی پراجیکٹ پرائیویٹ کمپنیوں کو دیئے جائیں جن میں ریلوے براہِ راست کمائی نہیں کرسکتی۔ اِن خیالات کا اظہاروزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نےہیڈکوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اُنہوں ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جو ٹریک ایکسس سسٹم کے حوالے سے رپورٹ مرتب کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ریلوے اپنی زمینوں کو استعمال میں لاکر آمدن کا بہترین ذریعہ بناسکتا ہے۔ ریلوے اسٹیشن لاہور کی طرح دوسرے بڑے شہروں کے ریلوے اسٹیشنوں پر پارکنگ کے نظام میں بھی بہتری لائی جائے۔ ریلوے اسٹیشنوں پر وینڈنگ سٹالز کیلئے مزید ٹھیکے نہ دیئے جائیں بلکہ جو سٹال پہلے سے سسٹم میں موجود ہیں، اُن کی خوبصورتی اور معیارکو مزیدبہتربنایا جائے۔اجلاس میں چیئرپرسن ریلویز مسز پروین آغا، چیف ایگزیکٹوآفیسرجاوید انور، مشیر ریلویزانجم پرویزسمیت ریلوے کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔