• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ: ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس کو او ایس ڈی بنادیا گیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس کو عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنادیا گیا ہے۔ ایڈیشنل رجسٹرار ایڈمن نے آفس آرڈر جاری کردیا۔

ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس کو تاحکم ثانی رجسٹرار آفس کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس سلسلے میں جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ نے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس کو عہدے سے ہٹادیا ہے۔ ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس سنگین غلطی کے مرتکب ہوئے۔

اس میں کہا گیا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ کو معاملے کو دیکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نے آئینی بینچ کا مقدمہ غلطی سے ریگولر بینچ کے سامنے سماعت کیلئے مقرر کیا۔ نتیجتاً سپریم کورٹ اور فریقین کے وقت اور وسائل کا ضیاع ہوا۔

اس میں بتایا گیا کہ آج جسٹس منصور اور جسٹس عقیل عباسی نے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی سماعت کی۔ ایڈیشنل رجسٹرار کی بیماری کی رخصت کے باعث رجسٹرار سپریم کورٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

اعلامیہ کے مطابق رجسٹرار نے یقین دہانی کروائی کہ معزز بینچ کے سامنے مقدمات ڈی لسٹ کرنے میں کوئی بدنیتی شامل نہیں تھی۔ اس کے برعکس ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل کا اقدام ریگولر بینچز کمیٹی کے احکامات کی روشنی میں تھا۔

واضح رہے کہ جسٹس منصور کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نذر عباس کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر رکھا ہے۔

قومی خبریں سے مزید