• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے اسرائیلی جرائم کے احتساب کا مطالبہ کر دیا

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان—فائل فوٹو
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان—فائل فوٹو

ترجمان دفترِ خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اسرائیلی جرائم کے احتساب کا مطالبہ کرتا ہے۔

ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان 19 جنوری سے غزہ میں سیز فائر کو خوش آمدید کہتا ہے اور مسئلے کے دو قومی حل کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان تارکینِ وطن کے لیے سفارت خانہ مراکش کے حکام سے رابطے میں ہے، افریقی ملکوں کے ساتھ تجارت کا فروغ اہم ترجیح ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے وزراتی کمیشن کا اجلاس ہو رہا ہے، پاکستان افغان باشندوں کو امریکا سمیت تیسرے ملک بھیجنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ابھی تک ہمیں اس سے متعلق امریکا سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔

ان کا کہنا ہے کہ مراکش میں پچھلے ہفتے کشتی کا المناک حادثہ پیش آیا تھا، اس حادثے میں 25 پاکستانی خوش قسمتی سے بچ گئے، جن کی فہرست شیئر کی گئی ہے، واقعے کی مزید نگرانی کی جا رہی ہے۔

شفقت علی خان نے مزید کہا کہ مراکش حکام نے تمام تر معاملات میں بھرپور تعاون کیا، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان آج اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہو گا، پاکستان برکس میں شمولیت کا خواہاں ہے، اس پر ہمارے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شام میں صورتِ حال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں، ہم شام میں امن کی بحالی کی تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید