بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں گیارہویں جماعت کے طالب علم نے کالج کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نریانہ کالج کا طالب علم 16 سالہ انن تپور اپنی کلاس سے نکل کر کوریڈور میں پہنچا اور وہاں سے نیچے چھلانگ لگادی، واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔
طالب علم کی جانب سے چھلانگ لگانے کی کوشش کے دوران اس کے ساتھی اسے پکڑنے کیلئے دوڑے مگر وہ ان کے پہنچنے سے پہلے ہی چھلانگ لگا چکا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ طالب علم چھٹی کرکے اگلے روز کالج پہنچا تھا، اس کے خودکشی کرنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔
طالب علم کے والد نے اپنے بیٹے کی خودکشی کرنے کی وجہ کالج کی فیس ادا نہ کرنا بتائی ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے کالج کی انتظامیہ کو کہا تھا کہ میں جب اپنے بیٹے کو چھوڑنے کیلئے آؤں گا تو فیس ادا کردوں گا۔
والد کا کہنا ہے کہ میرے خیال میں انتظامیہ کی جانب سے فیس ادا نہ کرنے پر میرے بیٹے کو تنگ کیا گیا ہوگا، تاہم میں اس حوالے سے یقین سے نہیں کہہ سکتا۔
دوسری جانب کالج انتظامیہ نے واقعے پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔