ایران کے ساتھ جاری جنگ کے باعث امریکی اور اسرائیلی اسلحہ ساز کمپنیوں کو بڑے مالی فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔
جنگ کے دوران حکومتیں بڑے پیمانے پر ہتھیار خریدتی ہیں جس سے دفاعی صنعت کی آمدنی اور شیئر قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔
بڑی امریکی دفاعی کمپنیوں کے حصص میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے، نارتھ روپ گرومان (Northrop Grumman ) کمپنی کے شیئرز میں تقریباً 5 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ کمپنی ڈرونز، میزائل دفاعی نظام اور اسٹیلتھ ٹیکنالوجی بناتی ہے۔
اسی طرح میزائل سسٹمز اور دفاعی ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ جدید لڑاکا طیاروں، میزائلوں اور دفاعی نظام کی بڑی سپلائر کمپنیز کے شیئرز میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ اسرائیل کی اسلحہ ساز صنعت کو بھی فائدہ ہو رہا ہے، اسرائیل ایئرو اسپیس انڈسٹریز جو کہ ڈرونز، میزائل اور فضائی دفاعی نظام کی بڑی کمپنی مانی جاتی ہے، اس کے شیئرز بھی بڑھنا شروع ہوگئے ہیں، رافیل ایڈوانس ڈیفنس سسٹمز آئرن ڈوم اور دیگر میزائل و دفاعی نظام بنانے والی کمپنیز بھی حالیہ جنگ میں فوائد سمیٹنے لگی ہیں۔
جنگی حالات کے باعث اسرائیل کے ہائی ٹیک ہتھیاروں اور دفاعی نظاموں کی برآمدات میں تیزی آئی ہے، کیونکہ کئی ممالک جنگ میں آزمائے گئے نظام خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ان دفاعی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد اعلان کیا تھا کہ امریکا اعلیٰ درجے کے ہتھیاروں کی پیداوار چار گنا تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
امریکی صدر کے اس فیصلے سے دفاعی صنعت کے منافع میں مزید اضافے کی توقع ہے۔